مظفر آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔ سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کو مشیر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر رفیق نیئر اور علما ومشائخ کی نشست کیلئے پیر علی رضا بخاری کے نام فائنل کر لئے گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹٰی آئی) آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لئے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر رفیق نیئر کا نام فائنل ہو چکا ہے۔ رفیق نیئر نے کھوئی رئٹہ کی نشست جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لئے پارٹی نے رفیق نیئر کے ساتھ تحریری معادہ کیا ہے۔ دوسری جانب علما ومشائخ کی نشست کے لئے پیر علی رضا بخاری کا نام فائنل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری آزاد کشمیر کے معروف مذہبی سکالر ہیں۔ ڈاکٹر پیر علی رضا درگاہ بساں شریف کے سجادہ نشین بھی ہیں۔ سابق امیر جماعت اسلام عبدالرشید ترابی کو مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا۔