اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع کلگام کے علاقے منند میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں میں تیزی انتہائی باعث تشویش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بے گناہ کشمیری کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان لڑکوں کا ماورائے عدالتی قتل عام اور شہید ہونے والوں کی میتیں واپس کرنے سے انکار مکمل طور پر غیر قانونی اور بھارتی قابض فورسز کی اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاس ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کو دبانے کیلئے غیر قانونی فوجی قبضہ، ماورائے عدالتی قتل عام، حراستی کیمپوں میں تشدد اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ جارحیت کے تمام حربے آزمانے اور ریاستی دہشتگردی کو بطور پالیسی استعمال کرنے کے باوجود وہ کشمیری عوام کو محکوم بنانے میں ناکام رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسنای حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں یو این کمشین کی جانب سے تحقیقات کی متقاضی ہیں۔ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا احتساب اور اقوام متحدہ کی سلامتی کے قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کریں۔