کورونا وائرس: جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

Published On 31 July,2021 07:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی کورونا کے باعث طبیعت ناساز ہو گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ اور انکی اہلیہ گھر میں قرنطینہ میں موجود تھے۔

ذرائع نے بتایاکہ جسٹس فائزعیسیٰ کو علاج کیلئے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد جسٹس فائز عیسیٰ کی اسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مسلسل کھانسی اور بخار کی شکایت ہے۔

دوسری طرف کورونا وائرس سے 65 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 360 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 29 ہزار 811 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 950 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 56 ہزار 211، سندھ میں 3 لاکھ 80 ہزار 93، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 43 ہزار 673، بلوچستان میں 30 ہزار 289، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 96، اسلام آباد میں 87 ہزار 304 جبکہ آزاد کشمیر میں 24 ہزار 145 کیسز رپورٹ ہوئے۔


ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 59 لاکھ 95 ہزار 153 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 579 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 40 ہزار 164 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 187 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 360 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 41، سندھ میں 5 ہزار 971 خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 456، اسلام آباد میں 801، بلوچستان میں 328، گلگت بلتستان میں 141 اور آزاد کشمیر میں 622 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement