افغانستان میں ہماراکوئی فیورٹ نہیں،افغانوں نےاپنا فیصلہ خودکرناہے:دفترخارجہ

افغانستان میں ہماراکوئی فیورٹ نہیں،افغانوں نےاپنا فیصلہ خودکرناہے:دفترخارجہ

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں زاہد حفیظ چودھری نے واضح کیا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانوں کی قیادت میں افغانوں کو قبول امن عمل کی بات کی تھی۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف عالمی برادری، علاقائی فریقین اور افغانوں کے اتفاق رائے کی واضح بات کی تھی۔

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس بیان کو افغان تنازعہ میں کسی ایک فریق کی وکالت کرنے سے متعلق تاثر دینا غلط ہے۔ پاکستان نے بارہا کہا ہے کہ افغانستان میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں، ہم افغان تنازعہ کے تمام فریقین کو مدنظر رکھتے ہیں جنہوں نے اپنے مستقبل کا ازخود فیصلہ کرنا ہے۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کاری کا اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ موجودہ حالات میں اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے لئے تمام توانائیاں بروئے کارئے لانے پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے۔