کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں پٹرول 10 روپے لٹر مہنگا کر دیا گیا، خان صاحب عوام پر رحم کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے حس حکومت نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے پھر پٹرول بم کا سہارا لیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی اور ناکامیاں ملک کی ترقی میں رکاوٹ بن چکی ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم سے ملک نہیں چل رہا، جو جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں جانتا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری،ایل پی جی بھی مہنگی
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول ایک روپے 71 پیسے فی لٹر مہنگا کرتے ہوئے اس کی نئی قیمت 119 روپے 80 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 87 روپے 49 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
لائٹ اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا جس کے باعث ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے۔