پی ٹی آئی کے سردار عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

Published On 04 August,2021 11:15 am

مظفر آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے، عبدالقیوم نیازی ایل اے 18 عباس پور سے منتخب ہوئے، اُنہوں نے دو سال قبل پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔

 سردار عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات میں ایل اے 18عباس پور سے منتخب ہوئے۔ سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور سے ہے، وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے منتخب ہوئے اور 2011 تک وزیر خوراک بھی رہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے والد کی وفات کے بعد گراس روٹ لیول سے سیاست کا آغاز کیا، اُن کا سیاسی کیریئر چالیس سال پر محیط ہے اور وزیراعظم پاکستان کے کشمیر کے حوالے سے بیانیئے کے بڑے حمایتیوں میں سے ہیں۔

سردار عبدالقیوم نیازی 2 سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔ پارٹی سے وفاداری اور محنت اُن کی وجہ شہرت ہے۔ سردار عبدالقیوم کا حلقہ انتخاب کا شمار آزاد کشمیر کے پسماندہ حلقوں میں ہوتا ہے، اُن کا وزیراعظم بننا خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے لئے وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود سمیت کئی رہنماؤں کا انٹرویو کیا، تاہم قرعہ سردار عبدالقیوم کے نام نکلا۔

 عبدالقیوم نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روایت سے ہٹ کر آزاد کشمیر میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، رول آف لا اور تحریک آزادی کشمیر کے مشن پر چلیں گے، عمران خان کی کوششوں سے جو فائر بندی ہوئی ہے، اس سے کافی فرق پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن ہماری اپنی ہے، ہماری ریاست کے رہنے والے لوگ ہیں، کوئی مسئلہ نہیں، اپوزیشن تو ہونی چاہیے، اپوزیشن کے بغیر پارلیمانی ہی نہیں ہے، اتنے بڑے قد کاٹھ کے لوگ اپوزیشن میں ہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

Advertisement