نذیر چوہان نے ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا

Published On 04 August,2021 04:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے صوبائی رکن اسمبلی نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا اس گروپ سے اب کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ جہانگیر ترین نے مجھے استعمال کیا، انھیں لیڈر تسلیم کیا تھا لیکن وہ اس قابل ہی نہیں ہیں۔ میں ان کیساتھ ہر پیشی پر گیا لیکن جب مجھ پر مشکل آئی تو انہوں نے مجھے فون کال تک نہیں کی۔

نذیر چوہان اپنے بھائی شہزاد اکبر کے پاس جا کر شکریہ ادا کروں گا۔ جہانگیر ترین کا مفاد پورا ہو گیا تو اب ترین ہم خیال گروپ بن گیا۔

دوسری طرف  جہانگیر ترین گروپ کے ایک اہم رکن راجہ ریاض نے نذیر چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے انھیں زبردستی اپنے ساتھ نہیں ملایا تھا، وہ خود گروپ میں آئے تھے۔

راجہ ریاض نے کہا ہے کہ نذیر چوہان کو منع کیا تھا کہ مذہبی معاملات پر بیان بازی نہ کرے۔ وہ بوتل سے دودھ نہیں پیتے کہ ہم نے انھیں گمراہ کر دیا۔ نذیر چوہان جذباتی آدمی ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ نذیر چوہان گروپ میں بھی ہر وقت جذبات میں رہتا تھا اور آگے بڑھنے کے لئے بڑے بڑے مشورے دیتا تھا۔ جیسے ہی مذہبی بیان بازی پر نذیر چوہان کی پکڑ ہوئی تو گروپ چھوڑ کر بھاگ گیا۔ ہم سب جہانگیر ترین قیادت میں متحد ہیں۔ نذیر چوہان کو شہزاد اکبر کی وضاحت کے بعد خاموش ہونے کا کہا تھا۔

 

Advertisement