حکومتی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی داستان، کشمیریوں کیلئے کچھ نہیں کیا گیا: سراج الحق

Published On 04 August,2021 08:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی داستان ہے، کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔

سراج الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ہر وعدے اور اعلان پر یوٹرن لیا، وہ صرف کشمیریوں کے نام کے ہی سفیر ہیں۔ مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو دو سال گزر گئے۔ 5 اگست کے اقدام کے بعد اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں لاکھوں انسان تہتر برسوں سے بھارت کے ظلم واستبداد کا شکار ہیں۔ حکومت کو معیشت، داخلہ وخارجہ محاذوں پر توجہ دینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجر پریشان جبکہ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کی دلدل میں پھنس چکے ہیں۔ اسلام کے معاشی نظام سے رہنمائی لینا ہوگی۔ نظام بوسیدہ اور حکمران دن رات قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور دھوکہ دہی سے الیکشن جیتنے والوں سے جان چھڑانا ہوگی۔ قوم ظلم کے خلاف ڈٹ جائے۔ جماعت اسلامی الیکشن میں پورے ملک میں امیدوار کھڑے کرے گی۔ انتخابی اصلاحات اور متناسب نمائندگی کے اصول کو اپنائے بغیر پائیدار جمہوریت قائم نہیں ہو سکتی۔

 

Advertisement