لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا، اقوام متحدہ نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کو دو سال ہوگئے، عالمی برادری اور ادارے بھارت کو اس کے ظلم اور قانون شکنی پر کٹہرے میں کھڑا کریں، ان شاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب بھارت کو بھی مقبوضہ جموں و کشمیر سے اسی طرح جانا پڑے گا، جس طرح انگریز سامراج برصغیر سے جانے پر مجبور ہوا تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا، ظلم و ستم کی انتہاء کر دی، سلامتی کونسل نشستند، گفتند، برخاستند تک محدود رہی، دو سال میں بھارت نے کھلم کھلا مقبوضہ کشمیر میں من مانیاں جاری رکھیں اور کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے، 5 اگست 2019 سے مودی نے بہادر کشمیریوں پر نفسیاتی دباؤ پیدا کیا لیکن وہ کشمیریوں کا آہنی عزم متزلزل نہیں کرسکا، نہ کر سکے گا، اہل پاکستان کشمیر کاز پر مظلوم کشمیریوں کی امنگوں اور مفادات کی ترجمانی کرتے رہیں گے۔