مقبوضہ کشمیرمیں دہشتگرد بھیجنےکا بیان جھوٹ،انڈیا ثبوت پیش کرے:وزیرداخلہ

Published On 10 August,2021 12:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگرد بھیجنے کے الزام کو سراسر جھوٹ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کے پاس ثبو ت ہیں تو پیش کریں۔

تفصیل کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسرائیل، بھارت اور این ڈی ایس مل کر پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ دشمن ہمارے مشرق اور مغرب دونوں طرف مسائل پیداکرنا چاہتا ہے۔ پاکستان سے مقبوضہ کشمیرمیں دہشت گرد بھجوانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، افغانستان کی اندرونی سیاست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، تمام سرحدیں بند ہیں۔ منصوبہ بندی کے تحت الزام تراشی کی جا رہی ہے۔ ہم امن کے لئے کوشاں ہیں۔

وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی ہدایات کی روشنی میں نادرا کو بہتر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کو نادرا کے دورہ کی دعوت دی جائے گی۔

وزیر دخلہ نے تمام عزاداران پر زور دیا کہ وہ این سی او سی کی ہدایات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اس حوالے سے تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو بھی ہدایت کر دی ہے۔ ضرورت پڑی تو خود بھی صوبوں کے دورے کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے علاقوں میں تھری جی ، فور جی سروس 10 محرم تک بند رہے گی۔ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اگر کہیں اور بھی انٹرنیٹ سروسز بند کرنا پڑیں تو آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ پوری قوم ذمہ داری کا ثبوت دے اور ملکی سلامتی کے لئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔ ہم کسی کے عقیدے کو چھیڑیں گے نہیں اور اپنے عقیدے کو چھوڑیں گے نہیں کے اصول پر کاربند ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سے پہلے جو 7 ملین شناختی کارڈز جاری ہوئے ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ جب بائیو میٹرک کا نظام نہیں تھا تو جعلی شناختی کارڈ بنتے تھے۔ ان تمام جعلی شناختی کارڈوں کو ختم کرکے اس میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ملوث تمام نادرا افسروں کو برطرف کیا جائے گا۔
 

Advertisement