کورونا سے بچاؤ، پاکستان کے اقدامات کی تعریف پوری دنیا نے کی: یوکے پاکستان بزنس کونسل

Published On 12 August,2021 12:01 pm

لندن: (دنیا نیوز) یوکے پاکستان بزنس کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان کے کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات قابل ستائش رہے، جس کی تعریف پوری دنیا نے کی۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی طرف سے پاکستان کو کورونا ریڈ لسٹ سے نہ نکالنے پر یوکے پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صاحبزادہ جہانگیر، بزنس کونسل کے وائس چیئرمین مظفر احمد، سینئر وائس چیرمین مخدوم طارق محمود الحسن، سینئر نائب صدر یوکے پی بی سی سید نصیر احمد، انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر راشد اسلم، سیکرٹری جنرل اے حق کے علاوہ دیگر نے شرکت کی اور پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ کورونا ریڈ لسٹ کے حوالے سے برطانوی حکومت نے جانبدارانہ فیصلہ کیا، جس پر پوری پاکستانی کمیونٹی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ صاحبزادہ جہانگیر، مخدوم طارق محمود الحسن، مظفر احمد، بیرسٹر راشد اسلم اور دیگر نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالے تاکہ دنوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بحال ہوسکیں۔

انٹرنیشنل لائرز ایسوی ایشن کے صدر بیرسٹر راشد اسلم، بزنس کونسل کے وائس چیئرمین مظفر احمد اور جنرل سیکرٹری عطا الحق کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم کے وفد نے برطانوی وزیر اعظم کو ایک یاد داشت پیش کی ہے، جس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے تخفظات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں یوکے پاکستان انٹرنیشنل بزنس کونسل کے وفد نے برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں ان کے عملے کو ایک پٹیشن بھی پیش کی، جس میں پاکستان کو جلد از جلد ریڈ لسٹ سے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا۔

Advertisement