یوم آزادی: مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لئے

Published On 14 August,2021 08:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) یوم آزادی پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لئے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ نیول کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے بابائے قوم کو جنرل سلیوٹ پیش کیا۔

مزار قائد پر پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر فہد سلیم نے سر انجام دیئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمد عزمی تھے۔ مہمان خصوصی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر فوجی بینڈ نے مسحور کن دھن بجائی۔ مہمان خصوصی نے مزار پر موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔

مزار اقبال پر بھی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ مہمان خصوصی میجر جنرل انیق الرحمان ملک مزار اقبال پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی۔ میجر جنرل عامر مجید نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتح خوانی کی۔
 

Advertisement