پاکستان نے رنجیت سنگھ کے مجسمے پر بھارتی بیان مسترد کردیا

Published On 18 August,2021 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں رنجیت سنگھ کے مجسمے کے حوالے سے ایک واقعے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منافقانہ پالیسی ہے کہ جو ملک اپنی اقلیتوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے، وہ دوسروں کے لیے آواز اٹھاتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ ہم رنجیت سنگھ کے مجسمے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے غیرضروری اور بلاوجہ بیان کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔ یہ منافقانہ پالیسی ہے جو ملک اپنی اقلیتوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے،وہ دوسروں کے لیے آواز اٹھاتا ہے۔ ایک پختہ کار ریاست میں ملزم کی فوری گرفتاری کے بعد اس کے خلاف پہلے ہی سخت قانونی کارروائی شروع کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کو مساوی شہری حقوق دینے اور ان کی عبادت گاہوں کے لیے آئینی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی واقعات ریاستی سرپرستی میں ہوتے ہیں۔ بھارت کو دوسری جگہ پر اقلیتوں کے لیے تشویش ظاہر کرنے کے بجائے سنجیدگی سے خود اپنا جائزہ لینا چاہیے۔بھارت کو بی جے پی، آر ایس ایس حکومت اور اقلیت مخالف ذہنیت سے دور ہونا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو اقلیتوں کے خلاف ریاست کی سرپرستی میں امتیازی پالیسیوں کو ترک کرنا چاہیے ، اقلیتوں بشمول مسلمانوں کی حفاظت ، تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا چاہیے۔بھارت کو اقلیتوں کی عبادت گاہوں ، ثقافت اور ورثہ کے مقامات کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
 

Advertisement