طاہر اشرفی کا علما و مشائخ کے ہمراہ امام بارگاہ کا دورہ

Published On 19 August,2021 08:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی طاہر اشرفی نے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کے ہمراہ امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے امام بارگاہ قصر زہرہ کا دورہ کیا اور مجلس میں شریک ہوئے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ہندوستان اور پاکستان دشمن قوتیں محرم کے دوران فساد چاہتی تھیں جنہیں ناکام بنایا ہے۔ دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں فرقہ ورانہ فسادات ہوں لیکن باہمی اتحاد سے اس کو ناکام بنانا ہے۔ 20 سال سے ہندوستان افغان سر زمین کو استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا تھا۔ افغان طالبان کا کابل امام بارگاہ میں جانا اور تمام مکاتب فکر کے حقوق کی حفاظت کا اعلان درست سمت قدم ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان افغانستان میں ناکامی کا بدلہ پاکستان میں تخریب کاری سے لینا چاہے گا۔ علما و مشائخ ، خطبا ، ذاکرین کے مشکور ہیں انہوں نے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام مکاتب فکر کے مقدسات کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی طرح قانون کی خلاف ورزی کسی کو بھی نہیں کرنے دی جائے گی۔
 

Advertisement