لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'تبدیلی' کے تین سال غریب عوام کے لئے ظلم کی تین صدیاں بن گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ عوام آج تین سال پہلے کے پاکستان کو حسرت سے یاد کر رہے ہیں، نواز شریف دور کی 5.8 فیصد کی ترقی، 3 فیصد مہنگائی، 35 روپے آٹا، 52 روپے کلو چینی سب یاد آرہا ہے، نواز شریف نے معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا، آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، سی پیک دیا، روزگار، کاروبار دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے قوم کو بجلی، گیس کے اندھیروں سے نکالا، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی قیمتیں بھی نہ بڑھائیں، تین سال میں یہ تبدیلی آئی کہ پاکستان کو دنیا کا مہنگا ترین ملک بنا دیا، افسوس صد افسوس، پی ٹی آئی کے تین سال منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور مافیاز کے لئے کھاؤ پیو مزے اڑاو کے سال ثابت ہوئے۔