رکشہ میں خاتون سے دست درازی، پولیس نے ملزمان کی شناخت کر لی

Published On 21 August,2021 05:00 pm

لاہور (دنیا نیوز) لاہور میں یوم آزادی پر رکشا سوار خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والے اوباش نوجوان اور ویڈیو بنانے والے شخص کی شناخت کرلی گئی، دونوں ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سی آئی اے کو سونپ دیا گیا ہے۔

اس سے قبل پولیس کی جانب سے واقعہ کے خلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں راوی روڈ پر اوباش لڑکوں کو ایک چنگ چی رکشہ کا پیچھا کرتے اور ہلڑ بازی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسی دوران چنگچی رکشا میں جانے والے ایک لڑکی کو سفید شرٹ میں ملبوس ایک اوباش نوجوان رکشے میں چڑھ زبردستی بوسہ دیکر فرار ہوجاتا ہے جبکہ رکشے میں بیٹھی دوسری خاتون چپل اتار کر دوسرے لڑکوں کو قریب آنے سے روکنے کی کوشش کرتی ہے۔ 


وزیر اعلیٰ کا سخت نوٹس

یوم آزادی کے موقع پر خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے واقعات پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعات میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فی الفور ٹھوس اقدامات کئے جائیں جبکہ اجتماعات یا پرہجوم مقامات پر خواتین کے تحفظ کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ پرہجوم مقامات پر پولیس فورس کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین قابل عزت ہیں، انہیں پورا تحفظ دیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان واقعات میں نا صرف انصاف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔