خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات سست روی کا شکار

Published On 23 August,2021 10:46 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات سست روی کا شکار ہوگئے، صوبے کے 11 اضلاع کو ڈینگی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 60 سے زائد مثبت کیس بھی سامنے آگئے۔

خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع ڈینگی وائرس کی لپیٹ میں آگئے۔ حالیہ تشخیص کے بعد صوبے میں ڈینگی مثبت مریضوں کی تعداد 62 ہوگئی۔

صوبے کے 13 اضلاع میں 174 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کئےگئے جن میں سے دو حلقوں کے علاوہ دیگر تمام میں ڈینگی مثبت رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ کیسز قبائلی ضلع خیبر کے 31 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ باجوڑ میں 6 افراد کے ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوئے۔

حکام کے مطابق مختلف وبائی امراض پر قابو پانے کے لیے 11 کروڑ 17 لاکھ روپے کا پی سی ون تیار کیا گیا ہے۔ بٹگرام میں 2، بونیر 2، چارسدہ اور ہنگو میں ایک ایک مریض کو ڈینگی کے شبہ پر اسپتال لایا گیا۔ شہریوں نے بھی بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جلد اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

ہری پور میں 10 افراد کی سکریننگ کی گئی جس میں سے 2 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے۔ کوہستان لوئر میں 15 میں سے ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کوہاٹ میں بھی 9 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
 

Advertisement