وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کےٹو سر کرنیوالے کوہ پیماؤں کیلئے 10 لاکھ کا انعام

Published On 23 August,2021 05:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آکسیجن کے بغیر کے ٹو چوٹی سرکرنے والے بلتستان کے کوہ پیماؤں کی محنت کو سراہتے ہوئے انھیں 10 لاکھ روپے کا چیک دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سے ضلع گانچھے کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں کے ٹیم لیڈر محمد تقی، یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بغیر آکسیجن کے ٹو چوٹی سر کرنے پر کوہ پیماؤں کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کے باوجود اپنی ہمت اور صلاحیتوں سے کے ٹو کی چوٹی سر کر قابل فخر کارنامہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باہمت نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں۔ کے ٹو سر کرنے والے بلتستانی کوہ پیماہ پاکستان کا فخر ہیں۔ باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ پنجاب حکومت محمد تقی، یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ کوہ پیمائی بلند ہمت نوجوانوں کا کھیل ہے، آپ نے قابل تقلید مثال قائم کی، آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

Advertisement