خیبرپختونخوا: کورونا کیسز میں اضافہ، پشاور میں یومیہ شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی

Published On 24 August,2021 09:56 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، پشاور میں یومیہ شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی، شہر کے تین بڑے اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بھی کم ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبہ میں سب زیادہ مثبت کیسز کی شرح پشاور میں 19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 200 کے قریب ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران 30 کے قریب نئے مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔

صوبہ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے پانچ سو سے زائد کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ مثبت کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح پر شہریوں میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کوہاٹ میں کورونا مثبت کیسز کی یومیہ شرح 10، چترال اپر 14، چترال لوئر 12 اور ڈی آئی خان سمیت مالاکنڈ میں شرح 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
 

Advertisement