اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی بڑی کامیابی دنیا میں پاکستان کا وقار بحال کرنا ہے، کورونا چیلنج کا مقابلہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، کورونا وبا کے دوران پاکستان کی حکمت عملی کو دنیا نے سراہا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نینشل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے تحریک انصاف حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش کے مطابق احتساب کے نتائج سامنے نہیں آئے، انصاف کے نظام میں بہتری کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو حکومتی ناکامی سمجھتا ہوں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ معیشت بڑے مشکل وقت سے گزر کر بہتر ہو رہی ہے، یقینی بنائیں گے کہ بیرونی خسارہ دوبارہ خطرناک حد تک نہ جائے، 30 برس میں کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جو آئی ایم ایف کے پاس نہ گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اب کوئی ڈومور کا مطالبہ نہیں کرتا، افغانستان کی صورتحال پاکستان کیلئے بھی بڑا چیلنج ہوگا، افغان حالات کے پیش نظر پاکستان میں صورتحال کو سنبھالنا چیلنج ہوگا، افغانستان میں امن سے سی پیک روٹ کی اہمیت اور بڑھ جائے گی۔