اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج اپنی حکومت کے پائیدار معیشت کے سفر، ترقی وفلاحی منصوبوں کے شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کرینگے۔
کنونشن سنٹر اسلام آباد میں اس سلسلے میں تقریب جاری ہے جس میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا اور اہم شخصیات شریک ہیں۔ حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ میں نیا پاکستان کے تصور کے تحت عام آدمی کی سہولت کے لئے ہر وزارت اور ڈویژن کی کوششوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
اس رپورٹ فواد چودھری کی سرپرستی میں وزارت اطلاعات ونشریات نے تیار کیا ہے جس میں کورونا وائرس کے نتیجے میں بین الاقوامی معاشی کساد بازاری کے باوجود حاصل کی جانے والی حکومتی کامیابیوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
دو سو اکاون صفحات پر مشتمل رپورٹ میں انفو گرافکس اور متعلقہ اعدادوشمار کے ذریعے چوالیس اداروں کی کامیابیوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جن میں وزارتیں، ڈویژن اور ادارے شامل ہیں۔
اگست 2018ء میں اقتدا رمیں آنے والی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں ان گنت چیلنج ملے تھے تاہم تین سال کے دوران ترقی کے سفر میں حکومت نے کئی کامیابیاں حاصل کیں۔
حال ہی میں دی اکانومسٹ نے پاکستان کو کورونا وبا سے نمٹنے کی کارکردگی کے حوالے سے دنیا کا تیسرا بہترین ملک قرار دیا تھا۔
عام آدمی کی ترقی کے لئے حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، احساس پروگرام اور کامیاب جوان پروگرام جیسے منصوبے شروع کئے۔
قانون سازی کے شعبے میں 54 قوانین کا نفاذ کیا گیا ۔یہ رپورٹ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر عوام کے لئے دستیاب ہے۔