راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فریق پسندیدہ نہیں، افغانستان میں پائیدار امن واستحکام اور ترقی بنیادی مقاصد ہیں۔ افغانستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا رنج ہوا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کیساتھ اہم ملاقات کے موقع پر کہی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کابل ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فریق پسندیدہ نہیں، افغانستان میں پائیدار امن استحکام اور ترقی بنیادی مقصد ہیں۔ پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا رنج ہوا۔ امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کابل سے انخلا میں تعاون پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔