علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی: میٹرک اور ایف اے کے داخلوں کی آخری تاریخ 6ستمبرمقرر

Published On 31 August,2021 08:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2021ء کے پہلے مرحلے میں پیش کئے گئے میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے داخلوں کی آخری تاریخ 6 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان، قبائلی علاقہ جات اور بلوچستان کے رہائشی یونیورسٹی سے میٹرک کی تعلیم مفت حاصل کرسکتے ہیں۔

اِن علاقوں کے لوگوں کو اس سہولت سے استفادہ کے لئے یونیورسٹی کے قریب ترین علاقائی دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی کے متعلقہ ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے اس پیغام کواِن تینوں علاقوں تک پہنچادیں تاکہ اِن علاقوں میں علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند تعلیم کی سہولت سے محروم نہ رہے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً غریب طبقے کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اوپن یونیورسٹی اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ہر شہری کو تعلیمی نیٹ ورک میں لانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔

وائس چانسلر نے غریب اور ضرورت مند طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کی مختلف مالی معاونت کی سکیموں سے فائدہ اٹھا کر تعلیم حاصل کریں۔
 

Advertisement