ملک بھر میں 17 سال کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل آج سے شروع

Published On 01 September,2021 11:14 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل تیز کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 17 سال کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل آج سے شروع ہوگا۔

 سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 17 سال کے افراد کو واک ان ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، 15 سے 16 سال کے افراد کی ویکسی نیشن کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایک دن میں 15 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی، 10 لاکھ 59 ہزار افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگی، اگست میں 20 بڑے شہروں میں ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ادھر 18 سال سے کم عمر افراد کے لئے کورونا ویکسی نیشن کی نظر ثانی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ 12 سے 17 سال کی عمر تک بیرون ملک جانے والے افراد کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔ این سی او سی کے مطابق کمزور قوت مدافعت والے 12 سے 17 سال کے افراد فائزر ویکسین لگوا سکتے ہیں، مگر ویکسی نیشن کے وقت میڈیکل دستاویز دکھانا ہونگی۔

دوسری جناب لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے بڑے فیصلے کرلئے۔ ویکسین نہ لگوانے والوں کو پٹرول نہیں ملے گا، شاپنگ مالز، بازار اور ریسٹورنٹس میں بھی ویکسی نیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت ملے گی۔ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہو گا تو سفر ہو گا، بغیر ویکسی نیشن نہ ڈرائیور گاڑی نکال سکے گا نہ مسافر سفر کر سکے گا، تاہم پہلی ڈوز لگوانے والوں کو سفر کی اجازت ہوگی، ہدایات جاری کر دی گئیں۔