اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پی پی 38 ضمنی انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد کر دی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار ضمنی الیکشن کے دوران بدنظمی ثابت نہیں کرسکے۔
الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ نے پی پی 38 ضمنی الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق پی پی 38 ضمنی الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے، متاثرہ فریق اگر چاہیں تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار ضمنی الیکشن کے دوران بدنظمی ثابت نہیں کرسکے، فارم 45 اور 46 پر جعلی دستخطوں کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ ریٹرننگ آفیسر کی رپورٹ بھی الزامات کی نفی کرتی ہے، الیکشن ٹریبونل فارم 45 اور 46 پر دستخطوں کا فرانزک ٹیسٹ کرا سکتا ہے۔
یاد رہے ن لیگی امیدوار طارق سبحانی نے دھاندلی کے الزامات پر نتائج کالعدم کرنے کی درخواست کی تھی۔