لاہور: (دنیا نیوز) جھپٹنا پلٹنا پلٹ کر جھپٹنا پاک فضائیہ کا طرہ امتیاز، 1965 کی جنگ میں پاکستان ایئر فورس نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔ وطن عزیز کے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قوم آج یوم فضائیہ منا رہی ہے۔
جنگ کے آغاز سے پہلے شاید کسی کو یہ گمان بھی نہیں ہوگا کہ پاک فضائیہ کے شاہین عددی اعتبار سے اپنے سے کہیں بڑے دشمن پر ایسا قہر بن کر ٹوٹیں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی۔ آج سے 56 سال پہلے یہ آج ہی کا دن تھا جب صرف دو دنوں کے اندر دشمن کے 56 طیاروں کی تباہی نے اُس کی فضائیہ کی کمر توڑ دی تھی۔
وہ بھی آج کا ہی دن تھا جب سرگودھا کی فضاؤں میں ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 طیارے گرا کر پاک فضائیہ کی تربیت اور جوش جنون کی مثال بن گئے تھے۔ ایم ایم عالم، سیسل چوہدری، سرفراز رفیقی اور ایسے ہی دوسرے شاہینوں نے آنے والے فضائیہ کے جوانوں کے لیے ایک معیار بھی طے کر دیا تھا۔
آج یومِ فضائیہ مناتے ہوئے پوری قوم اپنے شہید اور غازی شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے۔