اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری اور آئی جی کی تبدیلی میں پنجاب تمام صوبوں سے آگے نکل گیا۔
2018ء کے الیکشن کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارٹی نے وفاق میں حکومت بنائی اس دوران پنجاب کی کمان سردار عثمان بزدار کے حصے میں آئی۔ صوبے میں اب تک 5 چیف سیکرٹریز، 7 آئی جیز آئے۔
سردار علی خان تین سال میں پنجاب کے 7 ویں آئی جی تعینات کیے گئے ہیں، کامران علی افضل تین سال میں پنجاب کے 5 ویں چیف سیکرٹری تعینات ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر کلیم امام کو ستمبر 2018ء میں آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹایا گیا، محمد طاہر تقریبا 34 روز تک عہدے پر تعینات رہے، امجد جاوید سلیمی 6 ماہ آئی جی پنجاب کے عہدے پر براجمان رہے، عارف نواز خان ساڑھے 7 ماہ آئی جی پنجاب تعینات رہے۔ شعیب دستگیر کے عہدہ کا دورانیہ تقریبا ساڑھے 9 ماہ رہا۔
انعام غنی موجودہ دور میں سب سے زیادہ عرصے کیلئے آئی جی پنجاب رہے، انعام غنی کو 8 ستمبر 2020ء کو آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا۔
حکومت کے 3 سال میں کامران علی افضل 5 ویں چیف سیکرٹری پنجاب بنے ہیں، موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اکبر درانی پہلے چیف سیکرٹری پنجاب تھے، اکبر دُرانی کے بعد یوسف نسیم کھوکھر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ذمہ داری سنبھالی۔
یوسف نسیم کھوکھر کے بعد اعظم سلیمان خان کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کیا گیا، ان کے بعد جواد رفیق ملک چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کئے گئے۔
موجودہ حکومت میں جواد رفیق ملک سب سے زیادہ عرصے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب رہے۔ جواد رفیق ملک تقریبا ساڑھے 16 ماہ چیف سیکرٹری پنجاب تعینات رہے۔ جواد رفیق ملک کو اپریل 2020 میں چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔