کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، لانڈھی میں 3،کورنگی میں 2.5، بلدیہ اور ملیر میں 1.5ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آٹھ ستمبر کی رات سے 11 ستمبر تک کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں پھر سے بادل برسنے کا امکان ہے، منگل کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، گلشن حدید،کورنگی،ملیر،آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور ،شارع فیصل صدر اور گلفٹن سمیت دیگر علاقوں میں کچھ دیر کہیں ہلکی تو کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں منگل کی صبح بارش لوکل ڈیولپمنٹ کی وجہ سے ہوئی ، آٹھ ستمبر کی رات سے 11 ستمبر تک کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ بدھ تک سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔
ہوا کے کم دباؤ کے باعث شہر میں حبس اور گرمی نے شہریوں کو پریشان کئے رکھا، بیشتر شہریوں نے بارانِ رحمت انتظامیہ کی غفلت کے باعث زحمت میں تبدیل ہوجانے کا شکوہ بھی کیا اور صوبائی حکومت سے پیش گی اقدامات کرنے کے مطالبات دہرائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ شہر کا درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔