فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کورونا کی چوتھی لہر خطرناک مرحلے میں داخل ہونے لگی، جس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں اور اموات کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔
کورونا وباء کی چوتھی لہر شہریوں کی بے احتیاطی کے نتیجہ میں مزید خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگی۔ فیصل آباد میں ایکٹو کیسز کی تعداد 1500 سے زائد ہونے کے ساتھ ساتھ مثبت کیسزکی شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی تو ہم مزید اس مرض کا شکار ہوتے جائیں گے۔
فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں 622 بیڈز کورونا مریضوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس وقت 390 مریض زیر علاج اور ایک ہزار سے زائد افراد نے خود کو گھروں میں آئسولیٹ کیا ہوا ہے۔ ایک ہی دن میں 90 نئے کیسز سامنے آنے سے صورتحال پیچدہ ہوتی نظر آرہی ہے۔
سی او ہیلتھ نے کہا ہے کہ کیسز میں واضع اضافہ ہو رہا ہے، لوگوں کو احتیاط کرنی چاہیئے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز سے ظاہر ہو رہا ہے کہ اگر شہریوں نے احتیاط نہ کی تو دوبارہ لاک ڈاون کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔