کسی بھی معاشرے میں مساوات کیلئے جمہوریت ضروری ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 15 September,2021 08:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی مساوی انسانی حقوق کی ضامن ہے، کسی بھی معاشرے میں مساوات کیلئے جمہوریت ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کو اقتدار میں شراکت دار بناتی ہے، سماجی و معاشی ارتقاء کیلئے جمہوریت کا تسلسل ضروری امر ہے، پاکستان تحریک انصاف جمہوری اقدار اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بھارت نام نہاد جمہوریت کا دعویدار لیکن جمہوری اقدار کا سب سے بڑا دشمن ہے، مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو عرصہ دراز سے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مودی سرکار کشمیری عوام کو جمہوری حق دینے کی بجائے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے، عالمی برادری کو بھارت کے غیر جمہوری اقدامات پر فوری نوٹس لینا چاہیئے، آج کے دن ہمیں ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔
 

Advertisement