اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی غیر ملکی فنڈنگ کی دستاویزات فراہمی سے متعلق کیس پر 11 اکتوبر تک فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے 2 رکنی بنچ نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی غیر ملکی فنڈنگ کی دستاویزات فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن میں ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ہماری غیر ملکی فنڈنگ کے کوئی ثبوت درخواستگزار نے فراہم نہیں کیے، سکروٹنی کمیٹی نے بھی درخواستگزار سے ثبوت مانگے، درخواستگزار ہمارا سٹیٹ بینک سے آیا ہوا ریکارڈ دیکھنا چاہتے ہیں۔
ممبر نثار درانی نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے اکبر ایس بابر کو بھی پی ٹی آئی کا ریکارڈ ریکھنے کی اجازت دی۔ وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ ہمارا کیس پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ سے مختلف ہے۔ فرخ حبیب کے وکیل نے کہا کہ مجھے صرف دو دن دیں، میں دونوں جماعتوں کا ریکارڈ دیکھ لووں گا، وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ ان کے ذہن میں کچھ اور چل رہا، ان کا مقصد ریکارڈ دیکھنا نہیں۔
الیکشن کمیشن نے 11 اکتوبر تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کیخلاف وزیر مملکت فرخ حبیب نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔