نیوزی لینڈ میں اتنی فورسز نہیں ہونگی جتنی سکیورٹی مہیا کی: شیخ رشید

Published On 20 September,2021 04:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر صوبوں کی مدد کے لیے پاک فوج اور رینجرز تعینات ہو گی جبکہ موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری عوام کرکٹ کی شوقین ہے، وزیر اعظم نے ورلڈکپ پاکستان کو دیا، میں اس وقت وزیر کھیل تھا، اپوزیشن نیوزی لینڈ کی ٹیم واپسی کا الزام ہم پر لگا رہی ہے، کابینہ نے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ ٹیم کو فوج کی سکیورٹی فراہم کی، اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہو گی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی، ہمیں کسی سے کچھ جاننے کی ضرورت نہیں

ان کاکہنا تھا کہ میں سرحدوں کا دورہ جنگ کے لیے نہیں امن کے لیے کررہا ہوں، بھارتی میڈیا کے پاس شیخ رشید اور طالبان کے علاوہ کرنے کو کوئی بات نہیں ہے، بھارت کو میرے بارڈر پر جانے کی تکلیف ہے، اونچے ترین محاذ سیاچن کا دورہ کیا اور لیپا کی چیک پوسٹوں پر بھی جاؤں گا، میرے دورے سے پاک فوج کے جوانوں کا حوصلہ بلند ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا کردار ادا کر رہا ہے، ہمارا پہلے دن سے ایک ہی موقف ہے کہ پرامن افغانستان ہی پاکستان کی ضمانت ہے، عمران خان کی اولین ترجیح ہے کہ افغانستان میں انسانی جانوں کا مسئلہ نہ ہو۔
 

Advertisement