کراچی سرکلر ریلوے کی لیول کراسنگ انفراسڑکچر منصوبے کی منظوری

Published On 24 September,2021 05:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کراچی والوں کیلئے خوشخبری ہے، کراچی سرکلر ریلوے کی لیول کراسنگ انفراسڑکچر منصوبے کی منظوری دیدی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کراچی سرکلر ریلوے کی لیول کراسنگ انفراسڑکچر منصوبے کی منظوری دیدی۔ منصوبے کے تحت کے سی آر روٹ کے 22 لیول کراسنگ ختم کردیئے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت لیول کراسنگ کے خاتمے کیلئے فلائی اوور اور انڈرپاس تعمیر ہوں گے۔ وزارت ریلوے 20.71 ارب کے منصوبے کو شئیرنگ کی بنیاد پر مکمل کرے گا۔ منصوبے سے کراچی میں بلا تعطل اور رکاوٹ ٹرین چلائی جاسکے گی۔ اجلاس میں متعلقہ وزراء، شیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو نیو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

نیو کراچی سرکلر ریلوے بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین ہوگی، یہ منصوبہ 170 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ نیو کراچی سرکلر ریلوے کے لئے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا، ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی۔ منصوبے سے یومیہ تین سے پانچ لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والی سی پیک کی 10ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کیلئے کے سی آر کو سی پیک کے تحت بنایا جائے، پاکستان کی ہر آنے والی حکومت نے چین کے ساتھ اعتماد، عزت اور احترام کا تعلق مضبوط رکھا ہے۔

Advertisement