اسلام آباد:(دنیا نیوز)اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے شہباز شریف کے کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن کے حوالے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کس بات کی خوشی منارہے ہیں؟،حکومت پر تنقید سے پہلے اپنی ضمانت پر لندن بھگا کر لے جانے والے بھگوڑے بھائی کو واپس لائیں۔
کنٹونمنٹس کے الیکشن میں سندھ، کے پی کے، بلوجستان میں انکی جماعت کا صفایا ہوگیا ہے،انکی جماعت سکڑ کر ایک ریجن کی جماعت بن چکی ہے،( ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے جہاں سے الیکشن جیت جائیں وہ شفاف، جہاں سے شکست پائیں وہاں دھاندلی کا واویلا شروع کرتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیر مملکت نے کہا کہ ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی پہلے نمبر پر ہے،اگر تھوڑی سی بھی اخلاقی جرات شہباز شریف میں ہوتی تو اس بات کا ضرور اعتراف کرتے کہ پہلے نمبر پر پی ٹی آئی ہے۔
شہباز شریف کے بیان پراپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کسی جماعت کے مطالبے کی کوئی حیثیت نہیں ، صاف اور شفاف الیکشن کراناالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پرانے نظام کے تحت ہونے والے الیکشن پر دھاندلی کے الزامات لگتے رہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہی شفاف الیکشن کی ضامن ہے،اپوزیشن ہر معاملے پر سیاست کرے لیکن نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر حکومت کا ساتھ دے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ2018 میں پی ٹی آئی کو شکست دینے والے اب 2023 کے الیکشن میں شکست کے خواب دیکھ رہے ہیں، انشاء اللہ ناکامی اورشکست 2023 میں بھی انکا مقدر بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ باریاں لگانے والوں نے ملکی خزانے کو بےدردی سے لوٹا، پہلے مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس بھی یہ ہی گئے۔