پنجاب گروپ آف کالجز میں کے پی پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائیگی، معاہدہ طے

Published On 29 September,2021 01:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پنجاب گروپ آف کالجز نے انتہائی اہم اقدام اٹھا لیا، خیبر پختونخوا پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائیگی، دیگر اہلکاروں کے بچوں کو فیسوں میں خصوصی رعایت بھی دی جائیگی، کے پی پولیس اور پنجاب گروپ آف کالجز میں معاہدہ طے پا گیا۔

پنجاب گروپ آف کالجز، الائیڈ سکولز اور کے پی کے پولیس میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے، پنجاب گروپ آف کالجز اور الائیڈ اسکولز میں خیبرپختونخوا کے پولیس کے شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائیگی، دوران ڈیوٹی معذور ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں کے لئے فیس میں خصوصی رعایت بھی ہو گی، طے پائے جانیوالے معاہدے کے مطابق پولیس کے حاضرسروس ملازمین کے بچوں کے لئے بھی فیس میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

معاہدے پردستخط ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل اور ڈی آئی جی رائے بابر نے کئے، اس موقع پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری ، پرنسپل ہدف کالج رانا مظہر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

پولیس حکام نے بھی پنجاب گروپ آف کالجز کے اقدام کو سراہا،ان کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کے بچوں کی تعلیمی مشکلات کے حل میں پنجاب گروپ کالجز کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق اس اقدام سے شہدا کے بچوں کے علاوہ حاضر سروس اور دوران ڈیوٹی معذور ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔