کالعدم ٹی ٹی پی میں کچھ لوگ پاکستان کیساتھ وفا کاعہد نبھانا چاہتے ہیں: فواد چودھری

Published On 01 October,2021 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی میں کچھ لوگ پاکستان کیساتھ وفا کاعہد نبھانا چاہتے ہیں، ہمارا ماننا ہےکہ ایسے لوگوں کوموقع دینا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی)کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے بیان کو لے کر کافی گفتگو ہو رہی ہے، ضروری ہے اس کا پس منظر سامنے رکھا جائے، ریاست پاکستان ایک آگ اور خون کے دریا سے ہوکر نکلی ہے، ہم نے ہزاروں لوگوں کی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں قربانیوں کےنتیجے میں ہم نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی،بھارت کی ریشہ دوانیوں کو مکمل طور پر ختم کیا، الحمد للہ پاکستان پہلے سے زیادہ مضوط و پرعزم کھڑا ہے، اب ضرورت ہے آگے چلنے کی ریاست کی پالیسیاں مخصوص پس منظر میں بنتی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بے شمار لوگ جو پاکستان کے ساتھ وفاداری عہد نہیں نبھا سکے وہ یہ عہد نبھانے واپس آنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں 3ہزار سے زیادہ وہ لوگ جو ناراض تھے جو بھارت کی ریشہ دوانیوں کا شکار ہوئے وہ واپس آچکے ہیں، اسی طریقے سے کالعدم ٹی ٹی پی کے مختلف گروہ ہیں، ان گروہوں میں ایسے لوگ بھی ہیں جو پاکستان کے ساتھ وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایک صلح جو، امن پسند اور آئین کو مان کر آگے چلنے کا عہد کرنا چاہتے ہیں، ہمارا ماننا یہ ہے ایسے لوگوں کو ریاست کو موقع دینا چاہیے، چاہتے ہیں وہ زندگی کے دھارے میں واپس آ سکیں، وزیراعظم نے جو آج اصول وضع کئے ہیں جن کے اوپر ہم آگے بڑھنا چاہتےہیں، ہم اپنے آئین و قانون کے دائرے میں مخصوص حالات کے پیش نظر پاکستان کے راستے سے جدا ہونے والوں کو واپس راستے پر لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ پاکستان کے ایک عام شہری کی حٰیثیت سے اپنی زندگی گزار سکیں۔
 

Advertisement