کامیڈی اداکار عمر شریف کا انتقال، ملکی سیاسی رہنماؤں کا افسوس کا اظہار

Published On 02 October,2021 04:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار عمر شریف کے انتقال پر ملکی سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر راج کرنے والے فنکار عمر شریف جرمنی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 66 برس تھی اور وہ عارضۂ قلب سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے: وزیراعظم عمران خان 

وزیراعظم عمران خان نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ کی مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اداکار عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے، فن کے شعبے میں انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکار و کامیڈین عمر شریف کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنزو مزاح کا آفتاب آج غروب ہو گیا: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔

انہوں نے کہا مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار اور ان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم عمر شریف کے دنیا بھر میں موجود لاکھوں سوگوار پرستاروں سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔

  عمر شریف کا نام فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں سنہرے حروف سے لکھا جائیگا: فواد

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ عمربھر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کا تحفہ سجانے والے عمر شریف جنت کو عازم سفر ہوئے۔ قوم نے اپنےفنکار کو بہترین خراج تحسین پیش کیااور ثابت کیا کہ ہم فن اور فنکاروں سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا نام پاکستان کے فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔

سب کو ہنسانے والا آج سب کو رلا گیا: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے ٹویٹر پر لکھا کہ سب کو ہنسانے والا آج سب کو رُلا گیا۔ عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے اور ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبر دے۔ آمین

عمر شریف اپنے انتقال سے سب کو رنجیدہ کر گئے: اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سب کے لبوں پر مسکراہٹ لانے کی خدا داد صلاحیت رکھنے والے عمر شریف اپنے انتقال سے سب کو رنجیدہ کر گئے۔ اللہ جنت نصیب کرے۔

عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا: جرمن سفیر

پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر بین ہرڈ نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں تعینات جرمن سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ عظیم مزاح نگار عمرشریف کے اچانک انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، ان کا انتقال پاکستان اور انٹرٹینمینٹ انڈسٹری کے لیے افسوسناک نقصان ہے، میں عمر شریف کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

عمر شریف کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے: شہباز گل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ عمر شریف صاحب کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔

انہوں نے عمر شریف کے لیے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ عمر شریف صاحب کو غریقِ رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

عمر شریف کی زندگی پر نظر ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے اور وہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

عمر شریف کی رحلت برصغیر کے فنون لطیفہ کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ عمر شریف کی رحلت برصغیر کے فنون لطیفہ کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے ۔ کئی دہائیوں تک مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیرنے والے لیجنڈ کی کمی شائد کبھی پوری نہ ہوسکے۔ اللہ عمر شریف کے پسماندگان اور چاہنے والوں کو صبر اور انہیں جنت فردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔

انتقال کی خبر نے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کر دیا: وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لکھا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر نے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ وہ اپنی طرز کے بہترین فنکار تھے جن کی کمی تادیر محسوس کی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں اور تمام اہلِ خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائیں!!
 

عمر شریف کا انتقال، آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے: چودھری شجاعت ، پرویز الٰہی

چودھری برادران نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا ظاہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال پر دلی دکھ ہے۔

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی، غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ کے پھول بکھیرنے والا عمر شریف دنیا سے رخصت ہو گیا۔

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وہ فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے۔

وفاقی وزیر مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے، چودھری پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ گلبرگ میں ان کے نام پر عمر شریف روڈ بھی منسوب کیا تھا، ان کا خلا پُر نہیں کیا جا سکتا۔

لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا: گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لکھا کہ ٹویٹر پر لکھا کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا۔ عمر شریف پاکستانی سٹیج، فلم اور ٹی وی کا بڑا نام تھا۔ میری اس سے کئی ملاقاتیں رہی اور وہ ایک اچھا فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھا۔ دعا ہے کہ اللہ عمر شریف کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل

جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ عمر شریف خالق حقیقی سے جاملے، ساتھ ہی انہوں نے اداکار کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ سفارت خانے کا عملہ عمر شریف کے اہل خانہ کی مدد کے لیے ہسپتال میں موجود ہے۔

خیال رہے کہ عمر شریف کو علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو پاکستان سے براستہ جرمنی امریکا منتقل کیا جا رہا تھا تاہم ان کے جرمنی میں عارضی قیام کے دوران ہی ان کی طبعیت مزید بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عمر شریف کا اصل نام محمد عمر تھا اور وہ سرکاری ٹی وی کے مطابق کراچی میں 1955 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی عمر چار سال تھی کہ والد کا انتقال ہو گیا اور ان کے خاندان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وہ کراچی میں جس علاقے میں رہائش پذیر رہے وہاں قریب قوالوں کے بھی گھر تھے۔ بچپن اور لڑکپن میں ان کی دوستی ان قوالوں کے بچوں سے رہی اور جب ہوش سنبھالا تو اپنے محلے کے مختلف کرداروں سمیت مشہور فلمی اداکاروں کی بول چال اور انداز کی نقالی کرنے لگے۔ عمر شریف 14 سال کی عمر میں تھیٹر سے بطور اداکار وابستہ ہوئے۔ ان کے سٹیج اداکار بننے کا قصہ بھی بہت دلچسپ ہے۔

یہی وجہ تھی کہ عمر شریف کی بذلہ سنجی، جملے بازی اور لطیفہ گوئی پورے علاقے میں مشہور ہو گئی تھی۔ سکول کے بعد وہ جب گلی محلے میں نکلتے تو ارد گرد لڑکوں کا ہجوم ہوتا اور وہ انہیں ہنسانے میں مصروف ہو جاتے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق عمر شریف نے نجی ٹی وی چینلز پر بھی شوز کیے اور ایسے ہی ایک شو ’عمر شریف ورسز عمر شریف‘ میں وہ 400 سے زیادہ بہروپوں میں نظر آئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

عمر شریف پاکستان کے شاید واحد مزاحیہ فنکار ہیں جن کے پرستار دنیا میں موجود ہیں۔ امیتابھ بچن ہو، شاہ رخ خان یا بولی وڈ کے بڑے بڑے نام سب ان کے مداح تھے۔ ایک مرتبہ عمر شریف ممبئی گئے تو اداکارہ فرح اور تبو روزانہ گھر سے کھانے پکا کر اس ہوٹل لاتی رہیں جہاں عمر شریف قیام پذیر تھے۔

فرح نے بتایا تھا کہ جب وہ ڈپریشن کا شکار ہوئیں تو ان کے سسر نے عمر شریف کے مزاحیہ ڈرامے دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں دیکھو۔ فرح کے مطابق عمر شریف کے ڈرامے دیکھ کر وہ اتنا ہنستی تھیں کہ ان کا ڈپریشن دور ہو گیا۔

Advertisement