اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز نے بیرون ملک چھپائے گئے اثاثوں کو بے نقاب کیا،'پنڈورا' لیکس میں ایسی تفصیلات آتی ہیں تو عمران خان کے موقف کوتقویت ملے گی۔امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی شفافیت کے نئے راستے کھولیں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پانامہ پیپرز نے بیرون ملک چھپائے گئے اثاثوں کو بے نقاب کیا اور اب کہا جارہا ہے کہ آئی سی آئی جے کی ایک اور تحقیق سامنے آرہی ہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 3, 2021
ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا غریب ملکوں کے پیسے کی امیرملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے جبکہ پنڈورا لیکس میں ایسی تفصیلات آتی ہیں تو عمران خان کے موقف کوتقویت ملے گی۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پانامہ تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔
قبل ازیں معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی بےنامی اکاؤنٹ نہیں، ایک ایک پیسے کا حساب دے چکے، ان کا فریدالدین نامی شخص سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ میں ایک ایک پیسے کا حساب دے چکے ہیں، عدالتوں نے انہیں صادق و امین قرار دیا ہے، ماضی میں ایک آف شورکمپنی استعمال کی گئی جوعدالت میں بتا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا فریدالدین سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے، حکومت شفافیت اورقانون کی بالادستی پریقین رکھتی ہے، وفاقی وزرا، معاونین خصوصی بھی اثاثوں کی تفصیلات عدالتوں میں جمع کرا چکے ہیں۔