الیکشن کمیشن: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ

Published On 05 October,2021 11:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پابند بنایا جائے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جلد از جلد انتظامات کیے جائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے کے لیے نیا قانون بنا رہی ہے۔

ممبر بلوچستان الیکشن کمیشن نے استفسار کیا اس میں کتنا مزید وقت لگے گا۔ جس پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سیکرٹری وزارت قانون سے رابطہ میں ہوں، 6 ماہ تک بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔ ممبر سندھ الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے آپ نے ایک ماہ کہا تھا اور آج 6 ماہ کی بات کر رہے ہیں۔ اس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ قانون سازی میں وقت لگتا ہے، وفاقی کابینہ نے نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔

ممبر بلوچستان الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کو ٹائم لائن دے دیں۔ الیکشن کمیشن ممبر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق جلد فیصلہ جاری کریگا۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ جان بوجھ کر تاخیر نہیں کر رہے، آپ جو بھی ہدایات دینگے وفاقی حکومت تک پہنچا دونگا۔
 

Advertisement