’چیئرمین نیب کی تقرری پر شہباز شریف سے مشاورت چور سے پوچھنے کے مترادف‘

Published On 05 October,2021 04:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کے آرڈیننس کا مسودہ مکمل ہوگیا ہے لیکن آج کابینہ میں بحث نہیں ہوئی، حزب اختلاف کو اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنا چاہیے تاکہ ہم مشاورت کرسکیں، اپوزیشن لیڈرسے مشاورت کے حوالے سے کل اس ضمن میں آرڈیننس آئے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں نئی مردم شماری میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔ لوگوں کو جب گنا جاتا ہے تو ایک ہی وقت میں کرفیو لگاکر گنا جاتا ہے کہ کون کہاں ہے، لوگوں کو سوالنامہ بھیجا جاتا ہے کہ جہاں آپ ہیں وہاں 6 مہینے سے زیادہ عرصے سے رہ رہے ہیں اور کیا مزید 6 مہینے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک طریقہ کار کے مطابق آگے چلیں گے، مردم شماری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جس میں ٹیبلیٹس کا بھی استعمال کیا جائے گا، نادرا اور دیگر اداروں کی مدد لی جائے گی۔ مردم شماری کے مکمل ہونے کے بعد نئی حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلع کیا جائے گا۔

فواد چودھری نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 3 ربیع الاول سے 13 ربیع الاول تک عشرہ رحمت اللعالمین ﷺکے طور پر سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور اس حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ عید میلاد النبی کے موقع پر حکومت نے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

پنڈورا پیپرز سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کو اس معاملے پر بریفنگ دی گئی، پنڈورا پیپرزکے حوالے سے وزیراعظم معائنہ کمیشن کے تحت سیل قائم کیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق اپوزیشن کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے، اپوزیشن جلسوں میں رونے دھونے کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا کردارادا کرے۔ پاکستان میں اصلاحات کی بات کریں تو احتجاج شروع ہو جاتا ہے۔ ہمارا ملک میں شفاف انتخابات کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم کبھی نہیں چاہیں گے ہمارے ڈاکٹرز بین الاقوامی اسٹینڈرڈ کے مطابق نہ ہو، ڈاکٹرفیصل سلطان نے کابینہ کومیڈیکل کالجوں میں داخلہ ٹیسٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، دولاکھ طالب علموں کے لیے داخلہ ٹیسٹ کے دوران کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کا انتظام کرنا ممکن نہیں۔

نیب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کا آرڈیننس مکمل ہوگیا ہے لیکن آج کابینہ میں بحث نہیں ہوئی، حزب اختلاف کو اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنا چاہیے تاکہ ہم مشاورت کرسکیں، شہبازشریف خود نیب کے ملزم ہیں، شہبازشریف سے مشاورت کا مطلب چورسے پوچھنا ہے، اگلے چیئرمین کی تعنیاتی کے لیے شہبازشریف سے مشاورت نہیں ہوگی، اپوزیشن لیڈرسے مشاورت کے حوالے سے کل اس ضمن میں آرڈیننس آئے گا، اپوزیشن کوچاہیے تھا شہبازشریف کوتبدیل کرلیتے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عالمی منڈیوں میں اس وقت تیل، گیس کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوچکا ہے، ہمارے پاس بجلی وافر موجود ہے، لوگ بجلی کا استعمال زیادہ اور گیس کا استعمال کم کریں، یہ فارمولا سردیوں کے حوالے سے ہے۔

Advertisement