اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس پھیلاؤ کم ہو گیا ہے۔
ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ 50فیصد حاضری کی شرط ختم کر دی گئی، کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 11 اکتوبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھول جائیں گے۔
Based on the reduced level of disease spread and the launch of the school vaccination program, it has been decided in today s NCOC meeting to allow all educational institutions to start normal classes from Monday the 11th of October.
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 7, 2021
گزشتہ ماہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 16 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے دوران کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے تعلیمی ادارے این سی او سی کی سفارش پر دو ہفتے سے بند تھے۔
واضح رہے کہ رواں برس کے اوائل میں حکومت نے ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے بعد اسلام آباد سمیت تمام صوبوں میں تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔ وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ اور کیسز کے اضافے کے پیش نظر وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کرتے ہوئے امتحانات کو بھی 15 جون تک ملتوی کردیا تھا تاہم اب صورتحال میں قدرے بہتری کے بعد 20 جون کے بعد امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف آج کورونا وائرس سے 46 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 32 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 55 ہزار 321 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 453 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 34 ہزار 647، سندھ میں 4 لاکھ 61 ہزار 869، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 75 ہزار 212، بلوچستان میں 33 ہزار 26، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 338، اسلام آباد میں ایک لاکھ 5 ہزار 930 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 299 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 97 لاکھ 36 ہزار 872 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 343 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 لاکھ 82 ہزار 894 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 934 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 32 ہوگئی۔ پنجاب میں 12 ہزار 744، سندھ میں 7 ہزار 471، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 613، اسلام آباد میں 930، بلوچستان میں 349، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 739 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔