لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ ہولناک تھا، قوم نے متاثرہ بھائیوں کی کھلے دل سے مدد کر کے ایثار و قربانی کی مثال قائم کی۔
قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کو آنے والا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا ہولناک زلزلہ تھا، 16 سال بعد بھی اس بدترین زلزلے کی تباہی ذہنوں پر نقش ہے، زلزلے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ثابت کیا کہ وہ آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترتی ہے، قوم نے زلزلے سے متاثرہ بھائیوں کی کھلے دل سے مدد کر کے ایثار و قربانی کی مثال قائم کی، ہماری حکومت نے تین برس میں پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، پنجاب میں ریسکیو سروس کا دائرہ کار نچلی سطح پر لیکر گئے، پنجاب میں پہلی بار ریسکیو ایئر ایمبولینس شروع کی جا رہی ہے، یہ دن منانے کا مقصد عوام کو احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔