اپوزیشن کی غلط پالیسیوں سے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

Published On 09 October,2021 03:41 pm

خوازہ خیلہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی غلط پالیسیوں سے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا، وزیراعظم عمران خان ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔

خوازہ خیلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فری ہیلتھ سروس فراہم کر رہے ہیں، مدینہ کی ریاست کے وژن کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کے وژن کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں، دس ارب انصاف فوڈ کارڈ کے لئے مختص کئے ہیں، زمینداروں کے لئے کسان کارڈ کا اجراء کر رہے ہیں، تعلیمی کارڈ کا اجراء کرنے جا رہے ہیں، جس کی سوچ غریب کے لئے ہو وہ کبھی مہنگائی لانے کا سوچ ہی نہیں سکتا، وزیراعظم عمران خان ہر پل غریب کا سوچتے ہیں۔

محمود خان نے کہا کہ دسمبر تک سوات یونیورسٹی فعال ہوجائے گی، خوازہ خیلہ کے لئے 7 ارب کا واٹر سپلائی سکیم منظور ہوچکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے خوازہ خیلہ کے لئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی کیا۔
 

Advertisement