لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاڑکانہ والے ملک میں مزاحمتی سیاست کی ایک علامت ہیں، یہاں کی ہر خوشی، ہر غم اور ہر مسئلے کو اپنا معاملہ سمجھتا ہوں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، خورشید جونیجو، اعجاز جاکھرانی اور سہیل انور سیال موجود تھے۔
بلاول نے تنظیمی عہدیداران کی موجودگی میں لاڑکانہ میں تعلیمی اداروں کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی تفصیلات طلب کرلیں۔
بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی لاڑکانہ کے عوامی نمائندگان کی موجودگی میں محکمہ بلدیات و پبلک ہیلتھ انجینرنگ کے وزیر ناصر شاہ نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
پی پی چیئرمین کو ضیاء عباس شاہ اور سردار شاہ نے پی پی پی لاڑکانہ کے عوامی نمائندگان کی موجودگی میں ورکس اینڈ سروسز اور تعلیم کے محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں عوامی مسائل کے حل کے تسلسل کو جاری رکھا جائے، لاڑکانہ ملک میں جمہوریت کا ایک استعارہ ہے، یہاں کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، یہاں کے مسائل کے حل کے تسلسل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ والے ملک میں مزاحمتی سیاست کی ایک علامت ہیں، یہاں کی ہر خوشی، ہر غم اور ہر مسئلے کو اپنا معاملہ سمجھتا ہوں، یہاں کے ہر فرد سے دلی رشتہ محسوس کرتا ہوں، کسی قیمت پر آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔