مریم اورنگزیب نے انسداد ڈینگی کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا

Published On 15 October,2021 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے انسداد ڈینگی کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے مانیٹرنگ سیلز کو دوبارہ سے فعال کیا جائے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ڈینگی کا تیزی سے پھیلنے کے ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان اور بزدار ہیں، ڈینگی سے عوام کو بچانے کا طریقہ کار اور شہباز شریف کا تیار کردہ نظام موجود ہے، عمران صاحب اس پر عمل بھی نہ کرسکے، وضع شدہ طریقہ کار پر عمل کیا جاتا تو ڈینگی سے عوام کی جان بچائی جاسکتی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بنائے ایس او پیز کو ہنگامی طور پر نافذ کیا جائے، لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں لیکن بے حس حکومت کو بروقت سپرے اور دیگر اقدامات کرنے کی توفیق نہ ہوئی، پورے ملک میں ڈینگی کی تعداد منٹوں کے حساب سے بڑھنا حکومتی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کی انتہا ہے، حکومت کے عوام کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے، ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کا کوئی پُرسانِ حال نہیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، مہنگائی کے بعد ڈینگی اور بیماریاں عوام کی جان لے رہی ہیں اور حکومت غائب ہے۔
 

Advertisement