کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے نائب وزیراعظم کی جانب سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی اور عبوری کابینہ کے اراکین کی بڑی تعداد ظہرانے میں شریک ہوئی۔
افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالسلام حنفی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کو کابل آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور پُر خلوص میزبانی پر طالبان قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغان شہریوں کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے پرعزم ہے، انسانی بنیادوں پر معاونت رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔
اس سے قبل شاہ محمود نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ امور، تجارتی و اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر با ت چیت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات
وزیر خارجہ نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی، افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے۔ اعلی عسکری قیادت و پاکستانی وفد کے دیگر اراکین بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
اس موقع پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان، انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کیلئے پر عزم ہے، پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے، پاکستان، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن کیلئے پر عزم ہے۔
عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔