پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش

Published On 09 November,2021 10:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے شوپیاں میں کشمیری نوجوان کو وحشیانہ طریقے سے قتل کرنے اور جاری تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کرے اور کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت استعمال کرنے کی اجازت دے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر انتہائی تشویش ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی، مسلسل جبر، انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پرعزم ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کسی بھی قسم کی بربریت، پابندیاں یا طاقت کا استعمال کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا، پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو فوری طور پر روکے، انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی ہولناک خلاف ورزیوں کے لیے اپنی قابض افواج کا احتساب کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے خصوصی مینڈیٹ ہولڈرز کو مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ تحقیقات کرنے کی اجازت دے، غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کرے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت استعمال کرنے کی اجازت دے۔
 

Advertisement