لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 328 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ تیزی سے پھیلنے لگے۔ شہر لاہور بدستور سموگ کی لپیٹ میں ہے جبکہ فصلوں کی باقیات کو جلائے جانے کے واقعات بھی کنٹرول نہ ہوسکے۔ گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپور، ملتان، چشتیاں اور وہاڑی سمیت دیگر علاقوں میں فصلوں کو جلایا جانے لگا۔ امریکی ادارے ناسا نے فصلوں کو جلائے جانے کی سٹلائیٹ ایمجز جاری کر دیں۔
پنجاب میں فضائی آلودگی کی فہرست میں 409 اے کیو آئی کیساتھ رائیونڈ سرفہرست، ساہیوال 376 کیساتھ دوسرے اور گوجرانوالہ 375 اے کیو آئی کیساتھ تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا۔
لاہور کے علاقے اپر مال 434، ماڈل ٹاؤن میں 432، انارکلی بازار 398، بحریہ آرچرڈ 376، کینال روڈ پر 352 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جبکہ والٹن روڈ 463، ڈی ایچ اے 460، پنجاب یونیورسٹی 453 اور فتح گڑھ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 450 تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد سموگ کا اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور کو سموگ سے بچانے کیلیے اینٹی سموگ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے لئے انسداد سموگ حکمت عملی تیار کرلی گئی، جس کے لئے 5 خصوصی اسکواڈز تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔
ہر اینٹی سموگ اسکواڈ کا پولیس، انوائرنمنٹ انسپکٹر، واسا، ایم سی ایل، انڈسٹریز حصہ ہونگے۔ دھواں چھوڑے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشنز کیلیے بھی 2 ٹیموں کی تشکیل دے دی گئی۔ زگ زیگ پر منتقل بھٹوں اور تمام فیکٹریز کی ازسر نو دوبارہ چیکنگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق ہر اسکواڈ روزانہ 12 صنعتی یونٹس کو چیک کرے گا، اینٹی سموگ اسکواڈ بوائلرز و فرنیسز استعمال کرنیوالی شہر کی تمام 305 انڈسٹریز کو چیک کریگا، اینٹی سموگ سکواڈ انوائرنمنٹ رولز کی پاسداری کریگا، غلط ایکشن پر اسکواڈ کیخلاف محکمانہ سخت ایکشن ہوگا، سیلنگ توڑنے والے مالکان اور افراد کیخلاف سخت ترین ایکشن ہوگا، رٹ قائم ہوگی۔