مریم نواز نے جعلی آڈیو،ویڈیو بنانے کے لئے ٹیم تیار کررکھی ہے:فواد چودھری

Published On 23 November,2021 06:09 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ آڈیو جھوٹی ہے،مریم نواز نے جعلی آڈیو اور ویڈیو بنانے کے لئے ٹیم تیار کررکھی ہے، جب بھی کیس چلتا ہے(ن)لیگ عدالتوں پردباؤڈالتی ہے۔

اسلام آباد وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثاقب نثارکی آڈیو جھوٹی ثابت ہوئی ہے، مریم نواز کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے،ان کا مقصد جوڈیشری کودباؤمیں لانا تھا، امید ہے عدلیہ اس دباؤکومسترد کرے گی ،اس معاملے کویہاں نہیں رکنا چاہیے اورسارے کردارسامنے آنے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نوازنے جعلی ٹیپس،ویڈیوبنانے کے لیے ٹیم تیارکی ہوئی ہے،وہ شائد اپنی پارٹی کوقابومیں کرنے کے لیے ویڈیو بنواتی ہیں، جس طرح مریم نوازکررہی ہے میرا نہیں خیال کسی اورنے کبھی ایسا کیا ہو، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معاملہ منطقی انجام تک پہنچے گا۔

وفاقی وزیر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت بڑھتی ہے توشور مچ جاتا ہے لیکن قیمت کم ہوتوکوئی ہیڈ لائن نہیں بنتی ، چینی90سے95روپے کلو ہے جبکہ اگلے دنوں تک85روپے تک آجائے گی جبکہ ادرک کی قیمت میں بھی بہت کمی آئی ہے،مہنگائی کا زیادہ مسئلہ کراچی اورسندھ میں آرہا ہے اور سندھ حکومت نے ابھی تک گندم بھی ریلیزنہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پورے پاکستان سے زیادہ آٹا اورچینی کی قیمتیں ہیں ،کراچی میں160روپے تک کلوچینی مل رہی ہے، حیدرآباد میں بھی چینی100روپے مل رہی ہے، سندھ حکومت کوبھی سمجھانے کی کوشش ہونی چاہیے، سندھ میں اربن ایریازکے لوگ شدید مشکلات کا شکارہیں، سندھ حکومت آرام سے کہہ دیتی ہے کہ گندم چوری ہوگئی ہے، ہم ان چیزوں پرسنجیدگی سے غورکررہے ہیں، اگرہم کارروائی کریں گے توان کی چیخیں ساتوں آسمان تک جائیں گی اور پھر کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں آگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کوہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ پہلی بارنوازشریف کے بیٹے بھی ووٹ ڈال سکیں گے، ویسے بھی انہوں نے ملک توواپس آنا نہیں ہے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی وضاحتی پریس ریلیزآئین وقانون کے مطابق ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر بین الوزارتی رابطہ کمیٹی قائم کر دی ہے ،قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز ہوں گے، وفاقی وزیر اعظم سواتی، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور اٹارنی جنرل خالد جاوید کمیٹی کے رکن ہونگے جبکہ کمیٹی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کی معاونت کریگی اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا، متعدد نکات کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی اور امن اور امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کو مہنگائی سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کے دوران سندھ حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید کی گئی۔وزراء نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی اور نا اہلی کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں آٹا، چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا، خیبر پختون خواہ اور پنجاب میں مہنگائی کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دیدی، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جلد شیڈول جاری کرے گا، وفاقی کابینہ نے تمام صوبوں کی جانب سے سروے آف پاکستان کو ڈیٹا دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ صوبے وفاقی حکومت کو زمین کا ریکارڈ دینے کے پابند ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا نے کھربوں روپے کی مالیت پر قبضہ کر رکھا تھا، قبضہ مافیا سے جنگلات اور سرکاری اراضی کو واگزار کروایا جائیگا۔

Advertisement