لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کرنا ظلم کی انتہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کر دینا صرف بے حسی اور نااہلی نہیں، ظلم کی انتہا ہے۔ خلقِ خدا رُل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے؟
اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن بھی عوام پر ظلم و قیامت ڈھانے والے عمران خان کو عوام کی تکلیف پر پریشان ہوتے نہیں دیکھا۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالا کی یہ تصاویر صرف پیٹرول کے لیے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کرب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ہے۔ دعا ہے انہی قطاروں میں عمران خان، اسکو مسلط کرنے والے اور وزرا بھی کھڑے ہوں تاکہ انہیں پتہ چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔
لاھور، اسلام آباد، گجرانوالہ کی یہ تصاویر صرف پیٹرول کے لیے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کرب، تکلیف اور بے بے بسی کی داستان ہے۔ میری دعا ہے انھی قطاروں میں عمران خان، اسکو مسلط کرنے والے اور وزرا بھی کھڑے ہوں تاکہ انھیں پتہ چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔ pic.twitter.com/PKdUu9w6Bp
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 25, 2021
ایک اور ٹویٹ میں ن لیگی نائب صدر نے ویڈیو شیئر کی ۔ اس ٹویٹ میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر شدید الفاظ میں تنقید کی۔
یہ ہے وہ ذلت جو چند روز کے اقتدار کے لیے عمران خان نے کمائی ہے۔ عبرت کا نشان۔ عمران خان pic.twitter.com/wazgAZzID0
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 25, 2021
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں، ملک میں گیس کا بحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ قطاروں میں کھڑے عوام آج نوازشریف اور پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کر رہے ہیں، ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے، پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کے لئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنے والا ہے، یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی، آئندہ ماہ 1400 سے بڑھا کر 1700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی تیاری قوم کو زبحہ کرنے کے مترادف ہے، گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سر اٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور 150 تک مل رہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کی اذیت، پٹرول، گیس کی قطاروں سے نجات دلائی، سبز باغ دکھا کر عمران صاحب نے قوم کو دوبارہ قطاروں میں کھڑا کر دیا، آٹا، چینی تو کہیں گیس، پٹرول اور بے روزگاروں کی قطاریں ہیں، ہر طرف نئے پاکستان کے اذیت ناک مناظر ہیں۔